کاروار:18 جون (ایس اؤ نیوز) موسم باراں کے چلتے سیاحوں کی جنت کہلانے والے اترکنڑا ضلع میں سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بارش ختم ہونے تک اتر کنڑا نہ آئیں۔ حالانکہ بارش کے موسم میں ہی آبشاروں کا لطف لیا جاتا ہے اور اس موسم میں ہی سیاح کثیر تعداد میں سیاحت کے لئے اس طرف نکلتے ہیں۔
قدرتی مناظر کے لئے مشہور ضلع میں خاص کر آبشار اور ساحلی علاقے کافی اہمیت رکھتےہیں۔ لیکن اب انہی مقامات پر سیاحوں کےلئے پابندی عائد کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں اس مرتبہ سیاح آبشاروں کی خوبصورتی سے محروم ہوجائیں گے۔
ضلع میں مانسون اپنی رفتار پکڑ لیتاہے تو سمندری لہروں کی رفتار میں بھی اضافہ ہوتاہے، اسی طرح آبشار بھی اپنی روانی پر آجاتےہیں۔ ایسے موقعوں پر سیاح جذ بات اور جنون میں آکر سمندر میں اتر نےسے لہروں کی لپیٹ میں آجانے اور آبشاروں میں ڈوب جانے کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اسی لئے محکمہ سیاحت نے ان حالات میں سیاحوں کو ضلع کی سیاحت سے روکنے کا قدم اٹھایا ہے۔
افسران کا کہنا ہے کہ ضلع میں قریب 40بیچ ہیں جن میں سے 22بیچ اہم ہیں تو 10بیچ کافی اہمیت رکھتےہیں۔ ہر بیچ پر لائف گارڈ تعینات کئےگئے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ پولس عملہ بھی رہتاہے، لیکن سیاحوں کے پاگل پن کے چلتے اموات ہوتی ہیں، خاص کر مرڈیشور اور گوکرن بیچ پر سیاحوں کی دیوانگی سے زیادہ اموات ہوتی ہیں۔ افسران کی مانیں تو موسم باراں میں سمندرکی سطح پر اضافہ ہونے سے خطرہ موجود رہتاہے، لیکن بارش کے موسم میں آبشاروں کے حسین مناظر سے سیاحوں کو روکنا ٹھیک نہ ہونے کا خیال ظاہر کیاجارہا ہے۔
لائف گارڈ تعینات کریں:مانسون کے شروع ہوتے ہی ضلع کے ماگوڈ، ساتوڑی ، وبھوتی سمیت دس سے زائد اہم آبشاراپنی روانی پر آجاتےہیں،یہ حسین و دلکش مناظر کاصرف بارش کے موسم میں ہی نظارہ کرسکتےہیں اسی لئے ہزاروں سیاح بارش کے موسم میں ضلع کا سفر کرتےہیں ۔ ایسے مقامات پر لائف گارڈ تعینات کرتےہوئے سیاحوں کی حفاظت کی جاسکتی ہے۔ سیاحوں کو دور سے دیکھنےکا موقع فراہم کرنے کا عوام نے مطالبہ کیاہے۔
حفاظت کے پیش نظر کارروائی : محکمہ سیاحت کے نائب ڈائرکٹر ایچ وی جینت نے بتایا کہ مانسون کے دوران آبشار اور ساحلی علاقوں پربے شمار سیاحوں کی آمد ہوتی ہے اور سیاحوں کی موت وغیرہ بھی ہوتی ہے۔ ساحل پر لائف گارڈ کی تعیناتی کے باوجود سیاح پانی میں اترکراپنی جان کھو دیتے ہیں، آبشاروں پر لائف گارڈ نہیں ہوتے ہیں صرف ٹوریسٹ مترا ہوتےہیں جس کی وجہ سے وہاں بھی جان کا خطرہ ہے، انہی وجوہات کی بناپر مانسون ختم ہونے تک سیاحوں کو ضلع کی سیاحت نہیں کرنےکی اپیل کی گئی ہے۔